بنگلورو11؍مئی (ایس او نیوز) کرناٹکا اسمبلی انتخابات کے لئے تشہیری مہم ختم ہونے کے بعد الیکشن کے محض چند گھنٹوں پہلے لنگایت طبقے نے ایک اہم اقدام کرتے ہوئے میڈیا میں اشتہار کے ذریعے کانگریس پارٹی کو مکمل حمایت دینے کا اعلان کردیا ہے۔
جاگتیکا لنگایت مہا سبھااور اس کی یوتھ ونگ ’بسوا سینا‘ کی طرف سے جاری کیے گئے اشتہار میں اپنی قوم سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو مسترد کردیں اور اپنے ووٹ کا استعمال کانگریس پارٹی کے حق میں کریں۔یاد رہے کہ جاگتیکا لنگایت مہاسبھاکرناٹکا میں بسنے والے لنگایت طبقے کابہت ہی بااثر پلیٹ فارم ہے۔’’ لنگایتوں کے مفاد کا تحفظ کرنے والوں کو ہمارا ووٹ‘‘ کے عنوان سے مہا سبھا نے اشتہار جاری کیا ہے ، جس کامطلب یہ ہے کہ انتخابات کا موسم قریب آنے پر لنگایتوں کوہندوؤں سے الگ اقلیتی مذہبی طبقہ قرار دینے کی مانگ پوراکرنا کانگریس کے حق میں فائدہ مند ثابت ہوا۔لنگایتوں اور ویر شئیوا برادری کے بیچ ایک طویل عرصے سے چلنے والے تنازعے کو سدارامیا سرکار نے نتیجہ خیز موڑ پر پہنچانے کا کام کیا ہے اور لنگایتوں کو الگ مذہبی اکائی قرار دینے کی تجویز مرکزی حکومت کو بھیج دی ہے۔
لنگایت مہا سبھا کے ایک عہدیدار کے مطابق آخری لمحوں میں اشتہار دینے کی ضرورت اس لئے پیش آئی کیونکہ غلط پروپگنڈہ بہت زیادہ بڑھ گیا تھا اور عوام کو صحیح راہ دکھا نا ضروری تھا۔انہوں نے کہا کہ:’’ بی جے پی کانگریس پر مسلسل الزام لگارہی تھی کہ اس نے ہندو مذہب میں پھوٹ ڈالی ہے۔اور وزیر اعظم نے لنگایتوں کے جذبات کو ’لولی پاپ‘ سے تشبیہ دی تھی، جو کسی صورت میں قابل قبول نہیں ہے۔اس کے باوجودلنگایت سماج خاموش تھا۔ لیکن جب بیدر میں وزیر اعظم نے لنگایتوں کو اقلیتی طبقے کا درجہ دئے جانے کے خلاف بھڑاس نکالی تو پھرلنگایت مہا سبھا نے اشتہار جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔‘‘
خیال رہے کہ کرناٹکامیں لنگایت طبقے کی آبادی 6.5کروڑ ہے یعنی کل آبادی کا 17 فیصدہے اورشمالی کرناٹکاکے اضلاع میں تقریباً40نشستوں پر ان کی مضبوط گرفت ہے۔ایک عام تاثر یہ ہے کہ لنگایت مہا سبھا سے اس طرح اشتہار جاری کروانے میں کانگریس کے دو اہم لیڈروں کا ہاتھ تو ہے تو دوسری طرف بی جے پی کے حلقے میں اسے اپنے لئے ایک بڑے نقصان کے روپ میں دیکھا جارہا ہے۔
اس کے علاوہ ’بسوا پیٹھا‘ کی سادھوی ماتا مہادیوی نے بھی سوشیل میڈیا پر ویڈیو کلپ کے ذریعے کھلے عام لنگایتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کانگریس کے حق میں ووٹ دیں۔